ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی بڑی جیت، سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

کولمبو: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں سری لنکا نیوزی لینڈ سے 61 رنز سے شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

169 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چل سکی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکے، ابتدائی 4 بلے باز 9ویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

پاتھم نسانکا صفر، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پون رتنانائیکے 10 رنز بنا آؤٹ ہوگئے، پانچویں وکٹ پر شناکا اور کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنائے، تاہم 46 کے مجموعے پر شناکا بھی آؤٹ ہوگئے۔

چھٹی وکٹ پر سری لنکا نے 13 رنز بنائے، تاہم 59 کے مجموعے پر ہیمانتھا بھی کیچ دے بیٹھے جبکہ ساتویں وکٹ پر 18 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 77 کے مجموعے پر سری لنکا کی آخری امید کمنڈو مینڈس بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 31 رنز بنائے، سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 105 رنز پر گری جب ویلالاگے 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر راچن راویندرا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میٹ ہینری نے دو جبکہ گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ لی۔

قبل ازیں کولمبو میں کھیلے جانیوالے ورلڈ کپ کے 46 ویں میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔

کیویز کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کول مکونکی نے 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دیگر کھلاڑیوں میں رچن رویندرا 32، فِن ایلن 23، گلین فلپس 18، ٹِم سائفرٹ 8، ڈیرل مچل 3 اور مارک چیپمن 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا اور دُشمانتا چمیرا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونِتھ ویلالگے نے 1 وکٹ حاصل کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں