امریکا کی ایران سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کی دھمکیاں
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران کا تیل خریدیں گے انہیں بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ واشنگٹن نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ چین ممکنہ طور پر ایران سے تیل کی خریداری روک دے گا۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے دیگر ممالک کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر وہ ایران کا تیل خرید رہے ہیں یا ان کے بینکوں میں ایرانی رقوم موجود ہیں تو ان پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف سمندری ناکہ بندی پیر کے روز شروع کی گئی اور جنگ ساتویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، چین اس سے قبل ایران کے برآمد کئے گئے تیل کا 80 فیصد سے زائد خریدتا رہا ہے، توقع ہے کہ اس ناکہ بندی کے نتیجے میں چینی خریدار عارضی طور پر ایرانی تیل کی خریداری روک دیں گے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے چین کے دو بینکوں کو خط لکھ کر متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کے اکاؤنٹس کے ذریعے ایرانی رقوم کی ترسیل ثابت ہوئی تو ان پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔