شہر قائد میں پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس مقابلوں کے دوران 3 زخمیوں سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ سچل تھانے کی حدود میں سپرہائی وے جمالی پل کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، گرفتار ملزموں کی شناخت یاسر اور طحٰہ کے نام سے ہوئی ہے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
اقبال مارکیٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکو گرفتار کئے گئے، ایک زخمی ملزم فضل محمد کو علاج کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ دوسرا ملزم شوکت خان کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔