پاکستان کی ایران کے مشرق وسطیٰ میں مختلف ممالک پر حملوں کی مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے ایران کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں مختلف ممالک پر حملوں کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں مذاکرات ناکام ہونے اور کشیدگی بڑھنے پر افسوس ہے، پاکستان ایران کے خلاف بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

حملے اس وقت ہوئے جب مذاکراتی حل تک پہنچنے کی سفارتی کوششیں جاری تھیں، یہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی، بحرین، اردن، کویت، قطر اور امارات کے خلاف ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان تمام برادر ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بلا اشتعال حملے خلیجی ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، امارات میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان صبر و تحمل اختیار کرنے پر زور دیتا ہے، تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسے مزید اقدامات سے گریز کریں۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایسے اقدامات نہ اٹھائے جائیں جس سے دیگر ممالک کی سلامتی کو نقصان پہنچے، ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے دیگر ممالک کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر زور دیتے ہیں، فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ سفارت کاری شروع کریں۔

دفتر خارجہ کے مطابق فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بحران کا پُرامن اور مذاکراتی حل تلاش کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں