وزیراعلیٰ کے پی کی ایرانی قونصل خانے آمد، سپریم لیڈر کے انتقال پر تعزیت

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ایران کے قونصل خانے آمد، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر ایرانی قونصل جنرل سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا انتقال صرف ایران ہی نہیں پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے، پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام اس مشکل اور غم کے وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے والے دو رہنما تھے، ایک شہید ہو چکے ہیں اور دوسرا قید میں ہے، قرآن میں واضح ہے کہ یہود و نصاریٰ ہمارے دوست نہیں ہو سکتے، تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کو تقسیم کیا یا ان پر حملہ کیا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام مشکل وقت میں ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اتحاد کا اظہار کرتے ہیں، اگر ایران کو ڈاکٹرز، ادویات، سپیس نرسنگ یا کسی بھی قسم کی مدد درکار ہوئی تو خیبرپختونخوا بھرپور تعاون کرے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم متحد ہو کر مقابلہ کریں گے اور دعا ہے کہ اللہ ہمیں بھی شہادت نصیب فرمائے۔

ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے وزیر اعلیٰ اور وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور ایرانی قوم کے دکھ کا اظہار کیا۔

علی بنفشہ خوا نے کہا کہ دشمنوں نے ہمارے سپریم لیڈر کو شہید کیا جو پوری قوم کے لیے باپ کی حیثیت رکھتے تھے، ہمارے لیڈر شہادت کے متمنی تھے اور اسلام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ہمیشہ کام کیا۔

ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ سپریم لیڈر ایک عظیم انقلابی رہنما تھے جو اسلام کے فروغ اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے ہمیشہ کام کرتے رہے، ایران نے جنگ شروع نہیں کی مگر اپنے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔

علی بنفشہ خوا نے کہا کہ ہم جھکنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے، حملے بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی تھے جن میں ان کی اہلیہ اور پوتے پوتیاں بھی شہید ہوئے، حملے میں 160 اسکول کے بچے بھی شہید کیے گئے۔

ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ہمارے ساتھ اللہ ہے اور برادر ملک پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کی حمایت ہمیں طاقت دیتی ہے، یہی وہ طاقت ہے جس سے اسرائیل خوفزدہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں