یو اے ای میں ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک 3 افراد ہلاک، 112 زخمی ہوئے
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک ملک میں 3 افراد ہلاک اور 112 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاں بحق افراد پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری تھے، جبکہ زخمیوں میں اماراتی، مصری، ایتھوپیائی، فلپائنی، پاکستانی، ایرانی، بھارتی، بنگلہ دیشی، سری لنکن اور دیگر قومیتوں کے افراد شامل ہیں۔
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ تازہ حملوں میں 7 مارچ کو 16 بیلسٹک میزائلوں کا پتا چلا جن میں سے 15 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک سمندر میں گرا۔
اسی روز 121 ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جن میں سے 119 کو روکا گیا اور 2 یو اے ای کی حدود میں گرے، اس سے پہلے 6 مارچ کو 9 بیلسٹک میزائل تباہ کیے گئے تھے اور 112 ڈرونز میں سے 109 کو روکا گیا تھا۔
.jpg)
حکام کے مطابق حملوں کے آغاز سے اب تک یو اے ای نے مجموعی طور پر 221 بیلسٹک میزائلوں میں سے 205 کو تباہ کیا، 1,305 ڈرونز میں سے 1,229 کو روکا، جبکہ 8 کروز میزائل بھی تباہ کئے گئے۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
حکام نے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع اور مستند اداروں کے بیانات پر انحصار کریں۔
وزارت کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔