فیفا ویمن سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا عبوری سکواڈ فائنل
لاہور: (ویب ڈیسک) فیفا ویمن سیریز کے لئے پاکستان ویمن ٹیم کا عبوری سکواڈ فائنل ہوگیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی مینجمنٹ نے آئندہ ماہ ہونے والے ایونٹ کیلئے 23 پلیئرز فائنل کئے ہیں، قومی ویمن ٹیم میں مقامی اور اوورسیز پلیئرز شامل ہیں۔
ملائکہ دادا بھائی اور زیبا اسحٰق پہلی بار پاکستان ویمن ٹیم کیلئے منتخب ہوئی ہیں، ان دونوں کی حتمی ٹیم میں شرکت دستاویزات کلیئر ہونے سے مشروط ہے، زیبا اسحاق مانچسٹر یونائیٹڈ انڈر 21 گرلز ٹیم سے کھیل چکی ہیں۔
پاکستان ویمن ٹیم کے گول کیپرز میں زایانا جیوراج، نیشا اشرف اور آرزو ہزارا شامل ہیں جبکہ ڈیفنس میں اسرا خان، انایا احمد، انمول حرا، کائلہ صدیقی اور ماریہ خان کو منتخب کیا گیا ہے،نزالیہ صدیقی، کاریسا جیوراج، عالیہ صادق اور سوہا ہیرانی بھی ڈیفنس لائن کا حصہ ہیں۔
مڈ فیلڈرز رامن فرید، لیلیٰ بنارس، ثناء مہدی، زہمینہ ملک اور ملائکہ دادا بھائی سکواڈ کا حصہ ہیں، فارورڈز میں مریم محمود، اقصیٰ مشتاق، ایمن تاج، نادیہ خان، مریم زہری اور ازوا چوہدری شامل ہیں۔
فیفا ویمن سیریز آئندہ ماہ آئیوری کوسٹ میں کھیلی جائے گی، 9 سے 16 اپریل تک ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی ٹیم آئیوری کوسٹ، موریتانیہ اور ٹرکس و کیکوس جزائر سے مقابلہ کرے گی۔