پاکستان نے آسیہ اندرابی سمیت کشمیری رہنماؤں کی سزاؤں کو مسترد کر دیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے دہلی کی عدالت کی جانب سے معروف کشمیری سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید اور ان کی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30،30 سال قید کی سزا سنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی کی عدالت کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کے تحت سنایا گیا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے اور بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اس فیصلے کو سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کے وسیع تر سلسلے کا حصہ سمجھتا ہے جس کا مقصد اختلافی آوازوں کو دبانا اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے شفاف قانونی عمل، عدلیہ کی آزادی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے تقاضوں پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) March 25, 2026
دفتر خارجہ کے مطابق آسیہ اندرابی طویل عرصے سے کشمیر کاز کی ایک نمایاں آواز رہی ہیں اور ان کی سزا بھارتی زیر قبضہ کشمیر میں سیاسی اظہار اور شہری آزادیوں کو محدود کرنے کی بھارتی کوششوں کو ظاہر کرتی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو بڑھاتے ہیں اور امن و استحکام کے امکانات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو اس کے اقدامات پر جوابدہ ٹھہرائیں۔
بیان میں کشمیری عوام کے سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے تحفظ، اظہار رائے کی آزادی اور منصفانہ ٹرائل کے حق کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
پاکستان نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے، جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں درج ہے۔