پی ایس ایل 11: افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کا حیدر آباد کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے حیدر آباد کنگزمین کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے لیگ میں شامل ہونے والی نئی ٹیم حیدر آباد کنگز مین کیخلاف ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی ہے۔
کرکٹ کے دیوانے اپنے پسندیدہ ایونٹ کو دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں لیکن اس بار میچز بس ٹیلی ویژن اور لائیو سٹریمنگ پر ہی دیکھے جا سکیں گے، خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی بحران سے بچنے کیلئے حکومتی فیصلے کے باعث گراؤنڈ میں شائقین موجود نہیں ہوں گے۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی کی تھی، پرانے شیڈول میں 44 میچز 6 مختلف شہروں میں کھیلے جانے تھے جبکہ اب 22 میچز کراچی اور 22 کی میزبانی لاہور کرے گا۔
واضح رہے کہ حیدر آباد کنگز مین کی ٹیم پی ایس ایل میں پہلی بار ان ایکشن ہو رہی ہے جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں نے 3-3 بار پی ایس ایل کا ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ کراچی کنگز، پشاور زلمی، ملتان سلطانزاور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک ،ایک بار پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھائی ہے۔