سینیٹ کمیٹی نے حکومتی نادرا ترمیمی بل2026 منظور کر لیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے حالیہ اجلاس میں حکومتی نادرا ترمیمی بل2026 منظور کر لیا گیا ہے۔
بل کے متن کے مطابق ترمیم کے تحت نادرا کو اختیار دیا جائے گا کہ وہ کسی بھی شخص کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) مشکوک ہونے، شکایت ملنے یا تحقیقات کی ضرورت پڑنے کی صورت میں عارضی طور پر 60 دن (دو ماہ) کے لیے بلاک یا ضبط کر سکے، اس دوران کارڈ نادرا کی تحویل میں رہے گا۔
متن میں کہا گیا تصدیقی رپورٹ آنے یا تحقیقات مکمل ہونے تک یہ پابندی جاری رہے گی، بل کا مقصد قومی سکیورٹی، غیر قانونی شہریت، جیسے مشتبہ غیر ملکیوں کے سی این آئی سے اور جرائم سے نمٹنا بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ ایک حساس اور نیشنل سکیورٹی دستاویز ہے، اِس کا غلط استعمال سکیورٹی اور معیشت دونوں کے لیے خطرہ ہے، موجودہ قانون میں سنگین رکاوٹیں ہیں اس لیے نادرا کو فوری کارروائی کا اختیار نہیں ملتا۔
حکام نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے بہانے بناتے ہیں یا جان بوجھ کر تاخیر کرتے ہیں، بل کے ذریعے نادرا کو مؤثر آپریشنل اختیارات مل جائیں گے۔
خیال رہے بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیر داخلہ کی ہدایت پر پیش کیا تھا، کمیٹی سے منظوری کے بعد اب یہ بل سینیٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں مکمل بحث اور ووٹنگ کے بعد منظور ہونے کی صورت میں قانون بن جائے گا۔