جی ایس پی پلس کیخلاف بیان بازی خطرناک سازش ہے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جی ایس پی پلس سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف بیان بازی قومی مفاد کے خلاف خطرناک سازش ہے، کسی صورت قابل قبول نہیں۔
جی ایس پی پلس سٹیٹس نہ صرف ملک کو معاشی سہارا دیتا ہے بلکہ لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار سے بھی براہِ راست جڑا ہوا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جی ایس پی جیسے حساس معاملے پر سیاسی مقاصد کے تحت بیان دینا دراصل قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مسئلہ جھوٹ بولنا اور اس کو ڈھٹائی کے ساتھ مسلسل ہراتے رہنا ہے، یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبرز نے جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گفتگو میں بھارت نواز لوگ بھی موجود تھے لیکن انہوں نے بھی ایسی کوئی بات نہیں کی جیسی بات بانی پی ٹی آئی کے فیملی ممبران نے کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا کہ جی ایس پی پلس کے خلاف کوئی بات نہیں کی گئی، حقائق کے برعکس ہے، عوام سب دیکھ اور سمجھ رہے ہیں کہ کس طرح مخصوص حلقے ملک کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور چلاتے رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچھ لوگ ذاتی اور سیاسی مفادات کے لئے ملک کی عالمی ساکھ کو بھی داؤ پر لگانے سے بھی باز نہیں آرہے، پاکستان کی معیشت چیلنجز سے گزر رہی ہے، اس وقت اتحاد اور سنجیدگی کی ضرورت ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ عناصر ذاتی مفادات کے لئے اسی ملک کے خلاف بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں، یہ رویہ قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول ہے، قومی مفاد کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی، قوم ایسے طرزِ عمل کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔