سپیکر قومی اسمبلی سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کا خیرمقدم کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان، کینیڈا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہے، پاکستان میں زراعت اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

کینیڈا کے ہائی کمشنر نے پاکستان کی جمہوری اقدار اور ادارہ جاتی ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا، تعلیم، سرمایہ کاری اور استعداد سازی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں