سانحہ گل پلازہ: جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات مکمل، رپورٹ 7 اپریل کو سیکرٹری قانون کو دی جائیگی
کراچی: (دنیا نیوز) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات مکمل کرلیں، رپورٹ سیل شدہ حالت میں 7 اپریل کو سیکرٹری قانون کے حوالے کی جائے گی۔
جوڈیشل کمیشن کے رجسٹرار اقبال حسن کھٹی کی جانب سے سیکرٹری قانون کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری سندھ ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969ء کے سیکشن 3 کے تحت 10 فروری 2026 کے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ کے واقعے کی چھان بین کرنا تھا۔
کمیشن کو اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے لئے آٹھ ہفتوں کی مدت دی گئی تھی تاہم کمیشن نے تفویض کردہ انکوائری مکمل کر لی ہے اور اب اپنی حتمی رپورٹ حکومت سندھ کو پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔
رپورٹ کے ساتھ چار اضافی جلدیں بھی شامل ہیں، جن میں کمیشن کے سامنے پیش کئے گئے مکمل ریکارڈ اور شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر حتمی رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
کمیشن کے مطابق رپورٹ اور تمام ریکارڈ کو باقاعدہ سیل کر دیا گیا ہے اور اسے حکومت سندھ کے حوالے کیا جائے گا، مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اس رپورٹ کو عوام کے سامنے لانے یا نہ لانے کا اختیار حکومت سندھ کے پاس ہوگا اور اسی کے مطابق اس کے اجراء کے وقت کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
کمیشن نے سیکرٹری محکمہ قانون کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 اپریل 2026 کو دوپہر 12 بجے سندھ ہائیکورٹ میں قائم کمیشن سیکرٹریٹ میں رپورٹ وصول کرنے کے لئے موجود ہوں۔