امریکی طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ ایس فورڈ 5 روزہ قیام کے بعد کروشیا سے روانہ

زگرب: (دنیا نیوز) امریکی بحریہ کا دنیا کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ ایس فورڈ 5 روزہ قیام کے بعد کروشیا سے روانہ ہو گیا، تاہم امریکی بحریہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ جہاز اب کس سمت جا رہا ہے۔

امریکی بحریہ کے بیان کے مطابق طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ ایس فورڈ مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی آپریشنل علاقے میں قومی مقاصد کے حصول کیلئے تعینات ہونے کو تیار ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز نے اپنے شیڈول کے مطابق مرمت کا کام مکمل کر لیا ہے اور آئندہ کارروائیوں کیلئے ضروری سامان بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ بحری جہاز ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی فضائی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کر چکا ہے، تاہم 12 مارچ کو جہاز میں لانڈری کے حصے میں آگ لگنے کے بعد اسے پہلے کریٹ اور پھر کروشیا منتقل کیا گیا تھا، جہاں اس کی مرمت اور سپلائی کا عمل مکمل کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں