شہید بھٹو کا وژن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بنتا رہے گا، شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عہد، ایک نظریہ اور عوامی حقوق کی جدوجہد کا استعارہ تھے، ان کا وژن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بنتا رہے گا۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قائد عوام شہید بھٹو نے پاکستان کے عوام کو سیاسی شعور، جمہوری حقِ حکمرانی اور خودمختاری کا احساس دیا، شہید بھٹو نے نہ صرف پاکستان کو متفقہ آئین دیا بلکہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد بھی رکھی۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے شہید بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، آج کے بین الاقوامی حالات میں پاکستان کا مضبوط دفاع ہونا شہید بھٹو اور شہید بی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، شہید بھٹو کی قیادت میں مزدور، کسان، طلبہ اور محروم طبقات کو آواز ملی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور قیادت کیلئے شہید بھٹو کا سیاسی فکر و فلسفہ آج بھی مشعلِ راہ ہے، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم شہید بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، شہید بھٹو کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔