مسافر، گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا: عطا تارڑ
لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوامی اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا۔
صوبائی دارالحکومت میں مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خطے کے کئی ممالک میں پٹرول کی قلت ہوگئی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں بھی حکومت نے ملک میں پٹرول کی قلت نہیں ہونے دی۔
اُنہوں نے کہا کہ مشاورت کے بعد پٹرول کی قیمت میں اضافہ اور سبسڈی کا نظام واضح کیا گیا جب کہ قومی قیادت کو آگاہ کیا گیا کہ اب حکومت کے لیے مہنگائی کا بوجھ اٹھانا مشکل ہو چکا ہے، وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک عوام خود کو محفوظ محسوس نہ کریں۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، وزیراعظم نے پرائسنگ فارمولے پر سخت محنت کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی اور عوامی ریلیف کے لیے پٹرول پر عائد لیوی میں 80 روپے تک کمی لائی گئی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا وزیراعظم نے چاروں صوبوں کی قیادت کو اکٹھا کرکے اقدامات کیے، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مکمل سبسڈی سے پورا نہیں کیا جاسکتا، ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے براہ راست کیش ٹرانسفر کا نظام تیار ہے جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گی اور سفارتی محاذ پر بھی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے ملک میں تیل کی قلت نہیں اور حکومت نے ایندھن کی مسلسل فراہمی کا بندوبست کر رکھا ہے، عام آدمی مشکل کا شکار ہو، یہ وزیراعظم کو برداشت نہیں، اِسی لیے کفایت شعاری پر وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر وزارتوں سے رپورٹ طلب کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کسانوں اور محنت کشوں کو تیل کی قلت سے بچانے کے لیے بروقت اقدامات کیے، جبکہ ہمسایہ ممالک میں قلت اور لمبی قطاروں کے باوجود پاکستان میں صورتحال مستحکم رہی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے تین ہفتوں تک 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر عوام کو عالمی مہنگائی سے بچایا اور سرکاری سطح پر تیل کے اخراجات میں 40 فیصد تک کمی کا فیصلہ کرکے بچت مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک
دوسری جانب وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا تھا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کا محور عام آدمی کی فلاح ہے، خوراک کی ترسیل کرنے والے ٹرکوں کے لیے ڈیزل پر خطیر رعایت دی جائے گی اور مال بردار گاڑیوں کو ماہانہ 80 ہزار روپے تک سبسڈی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مڈل کلاس طبقے کے لیے پٹرولیم لیوی میں 80 روپے کمی کا اہم فیصلہ کیا ہے، صاحب حیثیت افراد پر اضافی بوجھ ڈال کر غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی سے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم کا مقصد کسان اور مزدور کے لیے عزت کی زندگی یقینی بنانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان نے عوامی مشکلات کے پیش نظر اپنی 6 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، توانائی کی بچت کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے شہریوں سے پٹرول اور بجلی کے استعمال میں احتیاط کی اپیل کی۔
مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں اور مہنگا تیل خرید کر سستا فروخت کرنا زیادہ عرصے تک ممکن نہیں، اسی لیے مسلسل سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی وزیراعظم کا عزم ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے غریب کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور مڈل کلاس کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، بین الاضلاعی بسوں کو سستا ڈیزل فراہم کر کے کرایوں میں کمی لائی جائے گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ شدید گرمی میں محنت کرنے والے کسانوں کے لیے جامع ریلیف پیکیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کو ماہانہ ایک لاکھ روپے تک سبسڈی کرایوں میں کمی سے مشروط ہوگی۔