جنگ بندی کیلئے پیش کردہ 3 شقوں کی خلاف ورزی مذاکرات سے پہلے ہی ہوچکی: باقر قالیباف
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لئے پیش کئے ئئے دس نکاتی منصوبے کی تین شقوں کی خلاف ورزی مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی ہو چکی ہے۔
ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ان شقوں میں وہ مفاہمت بھی شامل تھی جس کا اظہار پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کیا گیا تھا کہ جنگ بندی کا اطلاق لبنان تک بھی ہوگا۔
باقر قالیباف کے مطابق ایک درانداز بغیر پائلٹ طیارہ ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا جو اس شق کی کھلی خلاف ورزی ہے جس میں ایسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ یورینیم افزودگی کے حق کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے لئے قابلِ عمل بنیاد کو آغاز سے پہلے ہی واضح طور پر پامال کر دیا گیا ہے، ایسی صورتحال میں دو طرفہ جنگ بندی یا مذاکرات غیر معقول ہیں۔