میڈیکل غفلت سے خاتون کی ہلاکت، نجی ہسپتال کو دو کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
کراچی: (دنیا نیوز) مبینہ میڈیکل غفلت کے باعث خاتون کی ہلاکت کا معاملہ، عدالت نے نجی ہسپتال کو دو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ سی سیکشن جیسے آپریشن میں آئی سی یو سہولت نہ ہونا سنگین غفلت ہے، شدید خون بہنے کو بروقت کنٹرول نہ کرنا پیشہ ورانہ کوتاہی ہے، ڈاکٹروں نے معیاری طبی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔
درخواست گزار افسر خان نے کہا کہ خاتون کو زچگی کیلئے نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، بروقت خون اور مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
مریضہ کو تشویشناک حالت میں دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی، ہسپتال میں ایمرجنسی اور وینٹی لیٹر سہولیات موجود نہیں تھیں۔
درخواست گزار کے مطابق متعلقہ گائناکالوجسٹ آپریشن کے بعد فوری طور پر ہسپتال چھوڑ گئی، کئی گھنٹوں بعد ڈاکٹر کی واپسی تک مریضہ کی حالت مزید بگڑ چکی تھی۔