ایران سے مذاکرات، جے ڈی وینس کی قیادت میں امریکی وفد اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان دنیا کو امن کا تحفہ دینے کے لیے تیار ہے، ایران سے مذاکرات کے لیے امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق امریکا کے وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف شامل ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمانوں کا استقبال کیا، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پائیدار علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے حصول کے لیے امریکا کی وابستگی کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: وفد پاکستان روانہ ہوچکا، اسلام آباد مذاکرات کیلئے اچھی ٹیم بھیجی ہے: ٹرمپ
اس سے پہلے ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے اسلام آباد روانہ ہونے والے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے طیارے نے فرانس میں قیام کیا،پیرس میں طیارہ ایندھن بھرائی کے بعد اسلام آباد کیلئے دوبارہ روانہ ہوا۔
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) April 11, 2026
خیال رہے کہ امریکا سے مذاکرات کیلئے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، دفاعی کونسل کے سیکرٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے دیگر اراکین بھی وفد میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان کے لیے روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعمیری گفتگو کے خواہاں ہیں، امریکی صدر ٹرمپ کی گائیڈلائن کے تحت مذاکرات میں حصہ لینے جا رہا ہوں، یقین ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت رہیں گے۔
ایرانی وفد کے سربراہ باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکا حقیقی ڈیل لائے تو معاہدہ کر سکتے ہیں، ماضی میں امریکا سے مذاکرات میں وعدہ خلافی سامنے آئی ہے، ہم اچھی امید کے ساتھ مذاکرات کیلئے آئے ہیں، اگر امریکا ہمارے حقوق تسلیم کرتا ہے تو معاہدے تک پہنچنے کیلئے تیار ہیں۔