ملک بھر میں رواں مالی سال گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ: رپورٹ
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی رپورٹ کے مطابق گاڑیوں سے ٹریکٹر تک فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
پاما رپورٹ کے مطابق آٹو انڈسٹری کی مضبوط کارکردگی کا ثبوت ہے کہ ملک بھر میں رواں مالی سال گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ 43 فیصد اضافہ ہوا، ملک بھر میں جولائی سے مارچ تک 1 لاکھ 44 ہزار 29 گاڑیاں فروخت ہوئیں۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق مارچ 2025 کے مقابلے میں مارچ 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ 50 فیصد اضافہ ہوا، مارچ 2026 میں گاڑیوں کی فروخت 15 ہزار 531 یونٹس ریکارڈ ہوئی۔
پاما رپورٹ کے مطابق فروری 2026 کے مقابلے مارچ 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں 9 فیصد کمی ہوئی، جولائی تا مارچ ٹرکوں کی فروخت سالانہ 82 فیصد اضافے سے 2 ہزار 823 یونٹس رہی، رواں مالی سال کے نو ماہ میں بسوں کی فروخت سالانہ 33 فیصد نمو سے بڑھ کر 542 یونٹس رہی۔
رپورٹ کے مطابق مارچ 2026ء میں ٹریکٹرز کی فروخت سالانہ 96 فیصد اور ماہانہ 75 فیصد بڑھی، مقامی سطح پر مارچ 2026 میں 3 ہزار 8 ٹریکٹرز فروخت ہوئے، جولائی تا مارچ ٹریکٹرز کی فروخت سالانہ 13 فیصد کمی سے 23 ہزار 230 یونٹس رہی۔
پاما رپورٹ کے مطابق جولائی تا مارچ موٹر سائیکلوں کو فروخت سالانہ 32 فیصد بڑھ کر 10 لاکھ 59 ہزار 898 یونٹس ہو گئی، الیکٹرک وہیکل گاڑیوں کی فروخت ایک ماہ میں 61 فیصد بڑھ کر 53 یونٹس رہی۔