پی ایس ایل: پی سی بی نے زمبابوین کھلاڑی پر پابندی عائد کردی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزارابانی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے دو ایڈیشنز میں شرکت کیلئے نااہل قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پی ایس ایل میں کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹر نے معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں کا احترام نہیں کیا اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نظر انداز کیا۔
بورڈ کے مطابق پیشہ ورانہ کرکٹ اعتماد اور معاہدوں کی پاسداری پر قائم ہوتی ہے اور ضروری شرائط بشمول معاوضے اور ڈھانچے پر تحریری طور پر اتفاق کے بعد ان کی پابندی کرنا لازم ہوتا ہے، بغیر کسی ٹھوس وجہ کے معاہدے سے پیچھے ہٹنا نیک نیتی اور پیشہ ورانہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ اخلاقی فریم ورک پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دو سالہ پابندی اس خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بلیسنگ مزارابانی نے رواں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔
یاد رہے کہ پی سی بی اس سے قبل جنوبی افریقا کے کرکٹر کوربن بوش کے خلاف بھی معاہدے کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کر چکا ہے۔