ممکنہ حملوں کیلئے زمین یا تنصیبات کی فراہمی پر ایران کی خلیجی ممالک کو سنگین نتائج کی دھمکی

تہران: (دنیا نیوز) ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی حملے کیلئے خطے کے ہمسایہ ممالک کی سر زمین یا تنصیبات استعمال کی گئیں تو مشرق وسطیٰ میں تیل کی پیداوار کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی آر جی سی کے ایرو اسپیس کمانڈر میجر جنرل مجید موسوی نے ایرانی ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں کہا کہ ایران کے جنوبی ہمسایہ ممالک کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اگر ان کی زمین یا سہولیات کو ایران کے خلاف جارحیت کیلئے استعمال کیا گیا تو انہیں مشرق وسطیٰ میں تیل کی پیداوار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی مرحلے پر دشمن نے معمولی سی بھی غلطی کی اور ایران پر حملہ کیا تو جہاں بھی ایرانی عوام کہیں گے، وہی ہماری کارروائی کا ہدف ہوگا۔

ایرانی عہدیدار کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں