ترک رہنما شاندار مونچھوں کی وجہ سے وائرل
انقرہ: (ویب ڈیسک) مشرقی ترکیے کے صوبے بنگول کے ضلع کارلی اووا میں حزور پارٹی کے حال ہی میں چیئرمین مقرر ہونے والے اورحان آوجی اچانک عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، تاہم اس کی وجہ ان کی سیاست نہیں بلکہ ان کی منفرد اور شاندار مونچھیں ہیں۔
تقرری کے موقع پر پارٹی کی جانب سے اورحان آوجی اور صوبائی چیئرمین سعید موچو کی ایک مشترکہ تصویر جاری کی گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تصویر میں اورحان آوجی کی گھنی اور نمایاں مونچھوں نے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور مختلف دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اورحان آوجی اپنے منشور نیا لفظ، نئی آواز کے تحت بنگول کے ترک-کرد علاقے میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، مگر عوامی توجہ ان کے سیاسی ایجنڈے کے بجائے ان کی مونچھوں پر مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس موقع پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے، ایک صارف نے انہیں ترکش فائنل باس کا لقب دیا، جبکہ ایک اور نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ کیا کورونا ختم نہیں ہوا؟ یہ اب بھی ماسک کیوں پہنے ہوئے ہیں؟ اسی طرح ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ان کا منہ تو ایپسٹین فائلز سے بھی زیادہ سنسرڈ لگتا ہے۔
اورحان آوجی کی یہ منفرد پہچان جہاں انہیں سوشل میڈیا پر مقبول بنا رہی ہے، وہیں یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا وہ اپنی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے بھی عوامی توجہ حاصل کر پاتے ہیں یا نہیں۔