بنگلادیش نے نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی
ڈھاکہ : (ویب ڈیسک) بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
فیصلہ کن مقابلے میں میزبان ٹیم نے عمدہ آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے کیوی ٹیم کو شکست دے کر سیریز جیت لی۔
دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے ابتدائی دو میچز میر پور میں منعقد ہوئے جس کا پہلا میچ مہمان ٹیم نے 26 رنز سے اپنے نام کیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بنگلا دیش نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔
سیریز کا فیصلہ کن اور تیسرا میچ چٹوگرام میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے، نجم الحسن شنٹو نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) April 23, 2026
یوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 45 ویں اوور میں 210 رنز بنا سکی اور یوں اسے 55 رنز کے عوض سیریز سے ہاتھ دھونا پڑا، بنگلا دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نجم الحسن شنٹو کو عمدہ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا نے پوری سیریز میں 8 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
واضح رہے کہ اب نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیزیز کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی دو میچز چٹوگرام میں اور آخری میچ میر پور میں کھیلا جائے گا۔تینوں ٹی ٹوئنٹی بالترتیب 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو کھیلے جائیں گے۔