ایرانی وزیر خارجہ کا پاکستانی قیادت سے رابطہ، جنگ بندی امور پر مشاورت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کر کے خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی، جس میں علاقائی کشیدگی اور ممکنہ جنگ بندی کے اقدامات زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق بات چیت میں خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کے لیے سفارتی سطح پر مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عسکری قیادت مختلف ممالک سے رابطوں میں مصروف ہیں تاکہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔

دوسری طرف ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت اور کارروائیوں کے باوجود ایران کے ریاستی ادارے اتحاد، مقصد اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میدانِ جنگ اور سفارت کاری دونوں ایک ہی جنگ کے دو مربوط محاذ ہیں اور ان کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ عراقچی کے مطابق ایران کے عوام پہلے سے زیادہ متحد ہیں اور قومی اتحاد میں کسی قسم کی دراڑ نہیں پائی جاتی۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کےاندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسندوں کے درمیان شدید اختلافات ہیں، ٹرمپ کا دعویٰ تھا کہ ایرانی حکومت بدحالی اور انتشار کا شکار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ ہمیشہ قائم رہنے والا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں