چینی وزیر دفاع کی روسی ہم منصب سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے وزیر دفاع ڈونگ جون نے اپنے روسی ہم منصب سے روس کے دورے کے دوران ملاقات کی، جس کی تصدیق چینی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کی ہے۔
چینی وزارت دفاع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ تزویراتی رابطے کو مزید مضبوط کریں گے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو گہرا کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ عالمی انصاف اور بین الاقوامی نظام کے تحفظ کے لیے مشترکہ طور پر کام کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونکیں گے۔
دونوں وزرائے دفاع نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، عسکری تعاون، اور باہمی دلچسپی کے حامل علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
چینی وزارت دفاع کے مطابق، چین کے وزیر دفاع ڈونگ جون 23 سے 28 اپریل تک روس اور کرغزستان کا دورہ کر رہے ہیں، وہ کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
چینی وزیر دفاع نے یہ بھی کہا ہے کہ چین مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے روس کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔