شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ترجمان سندھ حکومت کا ردِ عمل آگیا
کراچی: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس پر ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران کا ردِعمل بھی سامنے آگیا۔
اپنے ردِ عمل میں گنہور خان اسران نے کہا کہ سیاسی منافقت اورموقع پرستی شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل پر ختم ہے، کراچی کے مسائل پر شاہد خاقان عباسی دکھاوے کے آنسو نہ بہائیں۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی جب وزیر اعظم تھے تب کراچی کو جائز حصہ دینے کے بجائے ایک صوبہ کے منصوبوں پر وفاقی ترقیاتی بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ شاہد خان عباسی نے بطور وزیراعظم جو کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں، افسوسناک ہے کہ ایک سابق وزیراعظم آج ایسے لہجے میں تنقید کر رہے ہیں جیسے وہ خود اس نظام کا کبھی حصہ ہی نہ رہے ہوں۔
گنہور خان اسران نے ہا کہ تمام جماعتیں کراچی کو صرف ووٹ لینے، تقریریں کرنے اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے استعمال کرتی رہی ہیں، آج اگر پیپلز پارٹی کراچی میں میگا پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے تو یہ روڑے اٹکانے آگئے ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اگر واقعی مخلص ہیں تو پہلے یہ بتائیں کہ اپنے دور حکومت میں کراچی کے لیے کون سا انقلابی قدم اٹھایا؟۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ کتنے منصوبے مکمل کیے؟ کتنے مسائل حل کئے، صرف فنڈ جاری کرنے کے دعوے کافی نہیں ہوتے، عوام نتائج مانگتی ہے، فائلوں کے نمبر نہیں۔