وزیرِ اعظم آج گلگت بلتستان کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گے
اسلام آ باد: (دنیا نیوز) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج گلگت بلتستان کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔
پرائم منسٹر آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف آج گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے، دورہءِ گلگت بلتستان کے دوران وزیرِ اعظم کی گورنر محمد سید مہدی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ جسٹس (ر) یار محمد سے ملاقات ہوگی، جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے میں وفاقی وزراء احسن اقبال، سردار اویس احمد خان لغاری، عطاء اللہ تارڑ، انجینئر امیر مقام، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ بھی موجود ہوں گے۔
یہ اعلیٰ سطحی وفد مختلف ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی امور کا جائزہ بھی لے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ماضی میں بھی کئی اہم دورے کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم کا یہ دورہ گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال اور گورننس کے معاملات کو بہتر بنانے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔