سعودی عرب کا فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے 20 لاکھ ڈالر کا چیک فراہم

عمان: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے 20 لاکھ ڈالر کا چیک فراہم کر دیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کو 20 لاکھ ڈالر کا چیک پیش کیا ہے جو خطے میں ایجنسی کے بجٹ، پروگراموں اور آپریشنز کی معاونت کے لیے سعودی عرب کا سالانہ تعاون ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اردن میں خادم حرمین شریفین کے سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے گزشتہ روز یو این آر ڈبلیو اے کو یہ رقم پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی ہدایات کے مطابق مملکت مسئلہ فلسطین کی حمایت، برادر فلسطینی عوام کی مدد اور یو این آر ڈبلیو اے کے بجٹ کی معاونت کا پختہ عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امداد دینے کا مقصد یہ ہے کہ ایجنسی فلسطینی پناہ گزینوں کے حوالے سے اپنی سماجی، انسانی، تعلیمی اور طبی ذمہ داریوں اور وعدوں کو پورا کر سکے، خاص طور پر ان مشکل اور کٹھن حالات میں جن کا انہیں سامنا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انہوں نے فلسطینی عوام کو انسانی خدمات کی فراہمی اور ان کی تکالیف کو کم کرنے کے لئے یو این آر ڈبلیو اے کے کلیدی کردار کو بھی سراہا۔

یو این آر ڈبلیو اے کے قائم مقام کمشنر جنرل کرسچن ساونڈرز نے فلسطینی پناہ گزینوں کی خدمت اور امداد کے لئے یو این آر ڈبلیو اے کو اپنے مختلف پروگراموں پر عمل درآمد کے قابل بنانے میں سعودی عرب کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں