معرکہ حق کی کامیابی کا سال مکمل، پنجاب اسمبلی میں تہنیتی قرارداد
لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کروائی ہے جس میں معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر تہنیتی قرارداد پیش کی گئی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ آج کا دن اس واقعہ کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کے محافظوں نے دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں مضبوط دفاع کا مظاہرہ کیا اور ملک کے خلاف کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دیا۔
متن میں مزید کہا گیا ہے کہ جب بھی ملک کو چیلنجز کا سامنا ہوا، مسلح افواج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے کے ساتھ دفاع کو یقینی بنایا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
قرارداد میں اس کارروائی کو ایک فیصلہ کن ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نے بھارت کے منصوبوں کو ناکام بنایا اور سرحد پار خطرات کو روکا۔
متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران سیاسی قیادت اور افواج نے مل کر قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کردار ادا کیا اور ملک کے دفاع کو مضبوط بنایا۔
قرارداد میں مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کے عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
آخر میں قرارداد میں ملک کی سلامتی، استحکام اور افواج کی کامیابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔