اداکار وجے کا وزیراعلیٰ بنتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم
چنئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار سی جوزف وجے نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد گھریلو صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ مفت دینے کا اعلان کیا ہے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق جوزف وجے چندرشیکھر کی پارٹی تملگا ویٹری کژگم (ٹی وی کے) اسمبلی میں اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، نئے وزیراعلیٰ نے ریاست میں خواتین کے تحفظ کے لیے سپیشل فورس بنانے اور انسداد منشیات کے حکم نامے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
حلف اٹھانے کے بعد چنئی میں جواہر لال نہرو سٹیڈیم میں پہلے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ حقیقی سکیولرازم اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم حکومت کا ایک نیا دور اب شروع ہوا ہے، انہوں نے کانگریس، وی سی کے، آئی یو ایم ایل اور بائیں بازو کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت بنانے کے لیے ان کی پارٹی کی حمایت کی۔
جوزف وجے نے خصوصی طور پر جین زی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کی وجہ سے ہے کہ TVK جیت گئی کیونکہ انہوں نے اپنے خاندان والوں کو اس پارٹی کو ووٹ دینے پر قائل کیا، میں کسی شاہی گھرانے سے نہیں آیا، میں نے غربت اور بھوک کو قریب سے دیکھا ہے، لوگوں نے میرا مذاق اڑایا مگر آپ نے مجھے اپنے دل میں جگہ دی، جس پر میں شکرگزار ہوں۔
انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل آپ جیسا ہوں اور آپ میں سے ہی ایک ہوں، میں کوئی فرشتہ نہیں بلکہ عام آدمی ہوں۔
واضح رہے کہ ریاستی انتخابات میں جوزف وجے کو ویدو ویدوتھلائی چیتروتھیگال کچی (وی سی کے) اورانڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) نے ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اتحاد کی نشستوں کی تعداد 234 رکنی اسمبلی میں 120 تک پہنچ گئیں۔
اس سے قبل انڈین نیشنل کانگریس نے بھی وجے کی حکومت کی حمایت کی تھی، اس فیصلے کی ایک وجہ اداکار سے سیاست دان بننے والے وجے کے اپوزیشن لیڈر راہُل گاندھی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں کی پہلی ملاقات 2009 میں دہلی میں ہوئی تھی، جہاں مبینہ طور پر راہُل گاندھی نے وجے کو یوتھ کانگریس میں شامل ہونے کی پیش کش کی تھی۔