سندھ میں عیدالاضحیٰ پر کھالیں جمع کرنے سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر کھالیں جمع کرنے سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی، صرف رجسٹرڈ فلاحی ادارے، مدارس اور رفاہی تنظیمیں کھالیں جمع کر سکیں گی۔
کالعدم تنظیموں کو کسی بھی نام سے کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ لگانے اور بینرز آویزاں کرنے پر پابندی ہو گی۔
گاڑیوں اور عمارتوں پر جھنڈے، لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی، زبردستی کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کی کھالیں ضبط کر کے مجاز اداروں کے حوالے کی جائیں گی، قانون نافذ کرنے والے ادارے کھالیں جمع کرنے کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
10 سے 12 ذوالحج تک اسلحہ لے جانے کے تمام پرمٹ معطل رہیں گے، اجتماعی قربانی کیلئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے اجازت لینا لازمی ہو گی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔