گورنر خیبرپختونخوا نے کابینہ میں توسیع کی منظوری دے دی
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا معاملہ، گورنر کو بھیجی گئی سمری منظور ہو گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کابینہ میں توسیع کی منظوری دے دی، کابینہ میں شامل ہونے والے اراکین سے کل 11 بجے حلف لیا جائے گا۔
گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں حلف برداری کی تیاری شروع کر دی گئی، کابینہ میں 6 وزرا، 4 مشیر اور 8 معاونین خصوصی شامل ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ میںتوسیع کے حوالے سے 18 ناموں پر مشتمل سمری تیار کی تھی، مجوزہ فہرست میں 6 صوبائی وزراء، 4 مشیر اور 8 معاونین خصوصی شامل تھے۔
سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے حکومتی ٹیم کو مزید فعال اور متوازن بنانے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی وزراء کی مجوزہ فہرست میں نذیر احمد عباسی، شکیل احمد، محمد عدنان قادری، محمد عارف، طارق محمود آریانی اور شفیع اللہ جان شامل ہیں۔
شفیع اللہ جان اس سے قبل بطور معاون خصوصی اطلاعات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے اور اب انہیں باقاعدہ وزارت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح وزیراعلیٰ کے مشیروں کیلئے پیر مصور خان، لیاقت علی خان، ہمایوں خان اور میاں محمد عمر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔
مجوزہ معاونین خصوصی میں طارق سعید، محمد عثمان، طفیل انجم، افتخار اللہ جان، سمیع اللہ خان، ملک عدیل اقبال، محمد خورشید اور محمد اسرار شامل ہیں۔
کابینہ میں شامل کیے جانے والے ان نئے ناموں کو پارٹی کے اندر مختلف علاقوں اور گروپس کی نمائندگی کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔