وزیراعظم کا پُرامن باہمی طرزِ زندگی کے عالمی دن پر انسانی حقوق کے فروغ کا عزم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پُرامن باہمی طرزِ زندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک پرامن، ہم آہنگ اور متحد معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصول انصاف، دیانت اور امن آج بھی قومی پالیسی کی بنیاد ہیں، پاکستان ایک کثیر الثقافتی ملک ہے اور اس کا سماجی تنوع قومی طاقت ہے۔ حکومت پیغامِ پاکستان اور دیگر اقدامات کے ذریعے انتہا پسندی کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات، قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق، کاروبار و انسانی حقوق کی پالیسی، اور آگاہی پروگراموں کا ذکر کیا، صنفی تشدد کے خاتمے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی و ادارہ جاتی اصلاحات کو بھی اہم قرار دیا۔

وزیراعظم نے نوجوانوں، مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ برداشت، ہمدردی اور رواداری کو فروغ دیں تاکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں