ای سی سی کے اہم فیصلے، متعدد منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی منظوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف ترقیاتی، انتظامی اور سکیورٹی منصوبوں کیلئے اربوں روپے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق تقریبات 2025 کیلئے ایک ارب 28 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی، اسلام آباد میں معرکۂ حق مونومنٹ منصوبے کیلئے 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی، جسے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن مکمل کرے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان آسان خدمت مرکز فیز ٹو کی تکمیل کیلئے 4 ارب 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور اسمارٹ اسلام آباد انیشی ایٹو کیلئے 91 کروڑ 12 لاکھ روپے کی بچت منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے پی اے ایس اور پی ایس پی افسران کیلئے مراعاتی پیکج کی مد میں 31 کروڑ 23 لاکھ روپے منظور کیے گئے، ٹیلی گرافک ٹرانسفر چارجز انسینٹو اسکیم یکم جولائی 2026 سے ختم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) June 24, 2026
ضلع شانگلہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 79 کروڑ 37 لاکھ روپے منتقل کرنے، پاکستان سٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے اور ماہی گیر کشتیوں میں ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے وفاقی حکومت کا 60 کروڑ روپے کا حصہ منظور کیا گیا۔
اجلاس میں پاور سیکٹر کیلئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی 52 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی سمری بھی منظور کی گئی، کے الیکٹرک کیلئے انٹر ڈسکوز ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی کی مد میں 97 ارب 64 کروڑ 90 لاکھ روپے منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ کیلئے آپریشنل ضروریات کی مد میں 25 کروڑ روپے، سوئی نادرن کیلئے 50 ارب روپے کی فنانسنگ پر خودمختار ضمانتوں کی مدت 30 جون 2027 تک بڑھانے، پاکستان ریلویز کی گرانٹ اِن ایڈ میں 7 ارب روپے اضافے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کیلئے 2 کروڑ 24 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں ایف آئی اے ملازمین کے اخراجات کیلئے 19 کروڑ 32 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جبکہ سول آرمڈ فورسز کے شہداء کے اہلخانہ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 4 ارب 20 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔