بلوچستان یوتھ سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بزنس سکلز مقابلے شروع

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان یوتھ سوشو اکنامک ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کا بزنس سکلز مقابلہ شروع ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیراہتمام مقابلوں کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں بلوچستان بھر کی مختلف جامعات سے 600 نوجوان بزنس سکل مقابلے میں شریک ہیں، نوجوان کاروباری آئیڈیاز، مارکیٹنگ اور پروڈکٹس کی مہارتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

مقابلوں میں کامیاب ہونے والی ٹیم کو 3 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی دی جائے گی جبکہ رنر اپ ٹیموں کیلئے 2 لاکھ روپے جبکہ انفرادی ونرز کیلئے 60 ہزار روپے انعام مقررہے۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز الیاس بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے خصوصی اقدام پر پروگرام کو یوتھ پالیسی کے تحت پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا صوبائی حکومت کا ویژن ہے۔

الیاس بلوچ نے مزید کہا کہ کہ یوتھ پالیسی نوجوانوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنائے گی، بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انہیں مواقع دینے کی ضرورت ہے، ایک اچھا آئیڈیا بڑی تبدیلی لا سکتا ہے، نوجوان اپنے خوابوں پر یقین رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں