مودی سرکار کی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف بھارتی کسان سراپا احتجاج
موہالی: (دنیا نیوز) مودی سرکارکی ناقص پالیسیوں نے کسانوں اور مزدور سمیت ہر طبقے کو شدید معاشی مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔
بھارت کے اپنے جریدہ ’’دی ٹیلی گراف انڈیا‘‘ نے مودی حکومت کی کسان مخالف ظالمانہ پالیسیوں کی قلعی کھول دی۔
دی ٹیلی گراف انڈیا کے مطابق پنجاب بھر سے کسان موہالی میں جمع ہوئے تاکہ ریاستی اسمبلی کی جانب مارچ کیا جا سکے۔
چندی گڑھ پولیس نے احتجاج کیلئے جمع کسانوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور واٹرکینن کا استعمال کیا، دی ٹیلی گراف انڈیا کے مطابق پولیس نے کسانوں کیخلاف نہ صرف طاقت کااستعمال کیا بلکہ کچھ کو حراست میں بھی لے لیا۔
کسانوں کی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کیساتھ مزاحمت کے دوران کچھ کسان زخمی بھی ہوئے ہیں، کسان کم از کم امدادی قیمت کی ضمانت، دریائی پانی کے تنازع اور دیگر مسائل کے حل کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بھارت میں کسان مارچ پر ریاستی جبر نے ایک بار پھر نئی دہلی کی کسان دشمن پالیسیوں کو عالمی اور مقامی سطح پر موضوع بحث بنا دیا ہے، مودی سرکار میں مہنگی کھاد، بیج، زراعتی لاگت اور کارپوریٹ تسلط اس بات کا ثبوت ہے کہ کسانوں کی خوشحالی کے حکومتی دعوے محض نعرے ہیں۔