طبی تاریخ کا عجیب واقعہ، خاتون نے 5 روز میں 4 بچوں کو جنم دے دیا
اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں طبی تاریخ کا ایک عیجب و غریب واقعہ پیش آیا ہے جہاں 31 سالہ خاتون نے 5 روز میں 4 بچوں کو جنم دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع سنبھل کے گاؤں کی مسلم خاتون آمنہ کے ہاں 5 دن کے دوران نارمل ڈیلیوری کے ذریعے 4 بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں، ہسپتال حکام کے مطابق اوواری گاؤں کی رہائشی آمنہ نے 9 مئی کو اپنے پہلے بچے کو جنم دیا جبکہ 14 مئی کو مزید 3 بچوں کی پیدائش ہوئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق حمل کو ہائی رسک قرار دیے جانے کے باوجود چاروں بچوں کی پیدائش آپریشن کے بغیر نارمل طریقے سے ممکن ہوئی، طبی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر شبھرا اگروال نے بتایا کہ ہسپتال کی تاریخ میں یہ پہلا کیس ہے جس میں 4 بچوں کی نارمل ڈیلیوری کی گئی۔
ہسپتال حکام کے مطابق احتیاطی تدبیر کے طور پر نومولود بچوں کو وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے، تاہم ان کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ماں بھی صحت مند ہے۔
ڈاکٹر اگروال کے مطابق جب الٹراساؤنڈ رپورٹ میں 4 بچوں کی تصدیق ہوئی تو ایک خصوصی ٹیم نے پورے حمل کے دوران ان کی قریبی نگرانی کی، ڈاکٹروں نے ابتدا میں خطرات کے پیشِ نظر بچوں کی تعداد کم کرنے کا مشورہ دیا تھا، مگر خاندان نے حمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔