لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے جاری، شادی شدہ جوڑا جاں بحق
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ایک شادی شدہ جوڑا جاں بحق ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبی لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں، اسی قصبے میں گزشتہ روز زخمی ہونے والا ایک نوجوان بھی دم توڑ گیا، بنت جبیل اور صور ضلع کے مختلف علاقوں میں بھی اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے 70 مقامات کو نشانہ بنایا، اسرائیلی وزیراعظم نے فوج کو حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق صور کے علاقے میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز اور اسلحہ ڈپو تباہ کیے گئے، جنوبی لبنان میں موٹر سائیکلوں پر سوار جنگجوؤں کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 185 افراد جاں بحق جبکہ 9 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔