اسرائیلی حملوں میں شدت، جنوبی لبنان میں شہری اپنے ہی ملک سے بے دخلی پر مجبور
بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی حملوں میں شدت کے باعث جنوبی لبنان میں شہریوں کو شدید بے دخلی کے بحران کا سامنا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اگر اسرائیل نے حملے مزید تیز کیے تو جنوبی لبنان کے شہری سنگین انسانی صورتحال سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگ بندی کے بعد ہزاروں افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئے تھے کیونکہ وہ طویل عرصے تک بے گھر رہنا نہیں چاہتے تھے، نقل مکانی کرنے والے بیشتر افراد نے بیروت میں رشتہ داروں کے ہاں پناہ لی، جبکہ کچھ لوگ ساحلی علاقوں میں قائم عارضی کیمپوں اور پناہ گاہوں میں مقیم رہے۔
یہ صورتحال کئی ہفتوں تک جاری رہی اور متاثرہ افراد مزید کٹھن حالات برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں تھے، لبنانی حکومت کے پاس بڑے پیمانے پر بے گھر ہونے والے افراد کے بحران سے نمٹنے کیلئے مطلوبہ وسائل موجود نہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایک ملین سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ صرف ایک لاکھ 30 ہزار افراد سرکاری پناہ گاہوں میں مقیم ہیں، 90 فیصد بے گھر افراد حکومتی امداد، طبی سہولیات اور روزمرہ ضروریات کیلئے مناسب سہارا نہ ہونے کے باعث اپنی مدد آپ کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔