سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس 4 جون کو طلب

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس 4 جون کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں اہم داخلی اور امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کریں گی، جبکہ ارکان قومی اسمبلی، سینیٹرز، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اراکین اور سینئر پارلیمنٹرینز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سندھ کے وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ اور کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اراکین نوید قمر، نبیل گبول اور عبدالقادر پٹیل کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ کے اقدامات کا جائزہ لے گی، جبکہ محکمہ ایکسائز اس حوالے سے جاری اقدامات پر کمیٹی کو بریفنگ دے گا۔

اجلاس میں پولیس حکام پنکی کیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کریں گے۔

آئی جی سندھ پولیس، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ اور سی آئی اے کے سربراہان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں