ایران کے قشم جزیرے پر دفاعی حکمت عملی کے تحت حملے کیے، سینٹ کام
فلوریڈا: (دنیا نیوز) امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے قشم جزیرے پر دفاعی حکمت عملی کے تحت حملے کیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج نے متعدد ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنایا۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں اُس وقت کی گئیں جب ایران نے خطے کے کئی ہمسایہ ممالک کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل داغے، تاہم ان میں سے کوئی بھی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔
جاری بیان کے مطابق کویت کی جانب داغے گئے دو ایرانی میزائل راستے ہی میں گر گئے یا ٹکڑوں میں بکھر گئے، جبکہ بحرین کی طرف فائر کیے گئے تین میزائلوں کو امریکی اور بحرینی فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر تباہ کر دیا۔
اس سے قبل بحرین اور کویت میں فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے تھے، جس کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق قشم شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔