وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس، پانی اور نکاسی آب سکیموں کیلئے اضافی فنڈز منظور
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کی سفارشات کی توثیق کی گئی، صوبے بھر کی پانی اور نکاسی آب سکیموں کیلئے اضافی فنڈز منظور کر لئے گئے، 16 اے ڈی کی سکیموں کیلئے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ادائیگیاں موجودہ مالی سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ شہری انفرا سٹرکچر کی بہتری حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے، عوامی خدمات کے فروغ اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، سکیورٹی اداروں کی استعداد میں اضافہ اور مؤثر قانونی نظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے کیلئے خصوصی آلات اور خدمات کی خریداری کی منظوری دیدی گئی۔