الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 4 حلقوں پر نتائج روک دیئے، دوبارہ پولنگ کا حکم
دیامر: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 4 حلقوں پر انتخابی نتائج روکتے ہوئے دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے چار حلقوں کے انتخابی نتائج روک دیئے ، حلقہ جی بی اے 8 سکردو کے 10 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے 15 جون کو دوبارہ پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پی پی پی کے امیدوار کی جانب سے کچھ پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے الزامات لگائے گئے، امیدوار سید محمد علی شاہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا الیکشن کمیشن نے جی بی 15 دیامر ون، جی بی 16 دیا مر ٹو اور جی بی 17 دیا مر 3 داریل کے انتخابی نتائج بھی روک دیئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بعض پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک نتائج روکے گئے ہیں، ریٹرننگ افسران کو پوسٹل بیلٹس کھولنے، گنتی اور حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا گیا۔ دوبارہ پولنگ کے نتائج شامل ہونے کے بعد ہی حلقہ وار حتمی نتائج مرتب کیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق ری پولنگ مکمل ہونے تک کسی بھی حلقے کا حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا جائے گا۔