افغان طالبان وفد کے ممکنہ برسلز دورے کیخلاف سپین میں یورپی پارلیمنٹ دفتر کے باہر احتجاج
کابل: (دنیا نیوز) انسانی حقوق کی تنظیموں، یورپی اراکینِ پارلیمنٹ اورافغان شہریوں نے طالبان وفد کے ممکنہ دورۂ برسلز کی مخالفت کی۔
افغان جریدہ افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ پچھلے 5 سالوں کے دوران طالبان نے افغانستان کو خواتین اور لڑکیوں کیلئے ایک بڑے قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔
افغانستان میں طالبان کی پالیسیاں خواتین اورلڑکیوں کی عزت، حفاظت اور مستقبل کیلئے مسلسل خطرہ ہیں، طالبان کو یورپی اداروں میں مدعو کرنا متاثرہ افراد کی توہین اورافغان خواتین کی مشکلات کو نظرانداز کرنے کے برابر ہے۔
طالبان کی یورپی پارلیمنٹ میں کوئی جگہ نہیں، بلکہ انہیں بین الاقوامی عدالتوں میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، یورپی اراکین پالیمنٹ اور 82 سےزائد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں طالبان وفد کے دورہ برسلزپر پہلے ہی تشویش کا اظہار کرچکی ہیں۔
ماہرین کے مطابق افغانستان میں بھی زمینی حالات تیزی سے بدل رہے ہیں اور طالبان رجیم کے خلاف عوامی مزاحمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔