سینیٹ کا جامع کفایت شعاری پروگرام کامیاب، رقم قومی خزانے میں واپس جمع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کا جامع کفایت شعاری پروگرام کامیاب رہا، سینیٹ کی بچت وزارتِ خزانہ کے مقررہ ہدف سے 500 فیصد زائد رہی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری مہم کے تحت 1 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیئے، مالی سال 26-2025 میں سینیٹ نے اپنے مجموعی بجٹ کا 15.9 فیصد بچایا۔

چیئرمین سینیٹ نے کفایت شعاری کا آغاز اپنے دفتر سے کیا، سینیٹ فنانس کمیٹی کے 18 میں سے 17 ترقیاتی و خریداری منصوبے مؤخر، کروڑوں روپے کی بچت کی۔

بھرتیوں، انتظامی اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی سے مالی نظم و ضبط کو فروغ ملا، سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختص 6 کروڑ روپے خرچ نہ کیے گئے، موجودہ مالی سال میں سینیٹ نے ایک بھی نئی سرکاری گاڑی نہیں خریدی۔

سینیٹ فنانس کمیٹی نے آئندہ مالی سال میں گاڑیوں کی تبدیلی کے فنڈز سے بھی دستبرداری اختیار کر لی، اس اقدام سے آئندہ مالی سال میں مزید 14 کروڑ روپے کی متوقع بچت ہوگی۔

سرکاری اجلاسوں میں ضیافت اور ریفریشمنٹ کے اخراجات ختم کر دیئے گئے، کمیٹی اجلاسوں کو بتدریج ڈیجیٹل اور ورچوئل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، غیر ضروری غیر ملکی دورے معطل، قومی وسائل کے تحفظ کو ترجیح دی گئی۔

سینیٹ نے مالی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی احتساب کی نئی مثال قائم کر دی ہے، بچایا گیا ہر پیسہ عوام کی امانت ہے، سینیٹ کی تاریخی بچت شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دار حکمرانی کی عکاس قرار دی گئی۔

کفایت شعاری محض نعرہ نہیں، مؤثر حکومتی طرزِ عمل ہے، قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے سینیٹ نے ریکارڈ مالی بچت حاصل کر لی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں