کشمیرکاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیرملکی ہاتھ ملوث ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیرکاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے۔

 قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مہاجر نشستوں کا خاتمہ ممکن نہیں، مہاجر نشستوں کے خاتمے سے کشمیرکاز کو نقصان پہنچے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیرمیں سستی بجلی اور آٹے پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، کشمیر اور پاکستان لازم  و ملزوم ہیں، کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے لیے غیر ملکی ہاتھ ملوث ہے۔

وفاقی وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے اس معاملے پر فیصلہ دیا ہے، گلگت بلتستان انتخابات سے متعلق بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں، کشمیر میں بجلی 3 روپے یونٹ دی جا رہی ہے آٹا سستا دیا جاتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑنے کہا ہے کہ 12 سیٹیں مہاجرین کی سیٹیں ہیں ان کو ختم کرنے کا مطالبہ ہے، کشمیر کے نظریے سے جڑی ہوئی سیٹیں ہیں، اے پی سی کروائی گئی پی ٹی آئی کے رہنما شرکت کرتے اور اس پر مشاورت کرتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا آئین میں تبدیلی پارلیمان کا حق ہے، نو منتخب پارلیمان اس کا فیصلہ کرے گی، کشمیر پر پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیرِ قانون نے کہا کہ صوبوں سے باہمی مشاورت کے ساتھ آرٹیکل 164 کے تحت فیصلے ہوئے یہ والنٹری کنٹروبیوشنز ہیں، یہ مختلف ملک تو نہیں، پاکستان کے عوام کا پیسہ ہے، آپ تو ڈیفالٹ کے دہانے پر ملک کو چھوڑ گئے تھے۔

اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ آپ وزیراعظم کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، قائد ایوان، حکومت کی جانب سے پھر بیٹھنے کی دعوت دیتا ہوں، اپوزیشن کو پری بجٹ بریفنگ دینے کے لیے تیار ہیں، ہم آئین کے پابند ہیں کہ آپ کے تمام سوالوں کے جواب دیے جائیں، لیکن اپ بیٹھیں تو سہی ماحول تو بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں