وزیراعظم سے اراکینِ قومی اسمبلی کی ملاقاتیں، عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر سراہا
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے اراکین نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔
پی ایم ہاؤس میں اراکین قومی اسمبلی ابرار شاہ، ثمینہ خالد، شاہدہ رحمان، جمال شاہ کاکڑ اور خرم شہزاد، سردار یعقوب خان ناصر، میجر (ر) طاہر اقبال اور میاں خان بگٹی نے وزیراعظم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
اراکینِ قومی اسمبلی نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا، اور وزیراعظم کا معاشی استحکام کو پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ریلیف اور معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے،بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بجٹ میں کاروباری برادری کے لیے ٹیکس میں رعایتوں اور دیگر سہولیات سے سرمایہ کاری بڑھے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار معاشی نمو کے ذریعے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کیے جائیں گے، معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔
دوسری جانب اراکینِ قومی اسمبلی نے عوامی فلاح اور اقتصادی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور حلقوں کے متعلق مختلف سیاسی وترقیاتی امور پر بھی گفتگو کی۔