کفایت شعاری پروگرام جاری، وفاقی وزرا کا پٹرول کوٹہ کم کر دیا: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت وفاقی وزرا کے پٹرول کوٹے میں نمایاں کمی کر دی گئی۔

وفاقی دارالحکومت سےجاری اپنے بیان میں اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہے وزرا کو400 لٹر سے کم کرکے 200 لٹر ماہانہ کر دیا گیا ہے،حکومت اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات پر عمل پیرا ہے، کفایت شعاری مہم کے نتیجے میں وفاقی وزرا کی مراعات اور سہولتوں میں نمایاں کمی کی جا چکی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ پالیسی کے تحت وفاقی وزرا کے لیے اضافی مراعات کی گنجائش نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو 200 لٹر ماہانہ پٹرول کے کوٹے پر بھی اعتراض ہے تو اس حوالے سے مزید بات چیت کی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا کہ حکومت قومی وسائل کے بہتر استعمال اور غیر ضروری اخراجات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ اسی مقصد کے تحت مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں میں کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد جاری ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے  مزیدکہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ مالی نظم و ضبط کے قیام میں بھی مدد ملے گی، حکومت پہلے ہی وزرا اور اعلیٰ حکام کو حاصل متعدد سہولتوں میں کمی کر چکی ہے اور آئندہ بھی کفایت شعاری پالیسی کے تحت مزید اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں