برازیل نے سکاٹ لینڈ کو 0-3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی

میامی: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ سی کے اہم میچ میں برازیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ کو 0-3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

برازیل نے میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ساتویں منٹ میں ونیسیئس جونیئر نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ونیسیئس جونیئر نے اپنا دوسرا گول سکور کرتے ہوئے برازیل کی برتری 0-2 کر دی۔

دوسرے ہاف میں بھی برازیل کا دباؤ برقرار رہا اور میتھیوس کونہا نے ایک اور خوبصورت گول کرکے سکور 0-3 کر دیا، برازیل کی جانب سے برونو گیماریش نے دو گولز میں معاونت فراہم کی جبکہ تجربہ کار سٹار نیمار نے بھی طویل عرصے بعد قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں واپسی کی۔

اس کامیابی کے ساتھ 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل نے گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی، برازیل نے گروپ مرحلے کا اختتام 7 پوائنٹس کے ساتھ کیا اور دفاعی اعتبار سے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

دوسری جانب سکاٹ لینڈ کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، سکاٹش ٹیم برازیل کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہی اور اب اس کی اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات دیگر میچز کے نتائج سے مشروط ہو گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں